یہ تو سب جانتے ہیں کہ جدید دور میں چوری چکاری کے طریقے بھی جدید ہو گئے ہیں لیکن ایمریٹس ائرلائن کی ایک پرواز کے دوران ایک خاتون نے ایسی چوری کر ڈالی کہ ائرلائن حکام اور پولیس کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔گلف نیوز کے مطابق یہ خاتون امریکا سے براستہ دبئی ایک عرب ملک کے لئے سفر کر رہی تھی۔اس سفر کے دوران اس نے طیارے میں بیٹھے بیٹھے اپنے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے 21000 درہم (تقریباً سات لاکھ پاکستانی روپے) کی خریداری کی اور منزل پر پہنچنے کے بعد خاموشی سے گھر کی راہ لی۔
تب کہیں جا کر ائرلائن کو معلوم ہوا کہ خاتون نے جس کریڈٹ کارڈ سے خریداری کی تھی وہ تو ایکٹو ہی نہیں تھا، یعنی اب اس کے اکاؤنٹ سے رقم نہیں کٹ سکتی تھی جبکہ ائرلائن کے ذمہ یہ رقم پڑ چکی تھی۔یہ عجیب و غریب کام کس طرح ہوا؟ دبئی پولیس کے ایک سینئیر پولیس افسر نے بتایا کہ ہوائی جہاز میں کریڈٹ کارڈ سے کی جانے والی ٹرانزیکشنز اس وقت پراسیس کی جاتی ہیں جب طیارہ ائرپورٹ پر لینڈ کر چکا ہوتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ سے قبل یہ پتا چلنا ممکن نہیں تھا کہ کریڈٹ کارڈ ایکٹو نہیں تھا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ یقیناً خاتون کی یہ بات معلوم تھی، جو عام مسافروں کو معلوم نہیں ہوتی۔ائرلائن کا کہنا ہے کہ خاتون سے رقم کی ادائیگی کے لئے رابطہ کیا گیا لیکن اس نے توجہ ہی نہیں دی۔ اب ائرلائن حکام نے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے تا کہ خاتون سے رقم نکلوائی جائے یا دوسری صورت میں اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔