تمام عمر کی تنہائی کی سزا دے کر
تڑپ اٹھا میرا منصف بھی فیصلہ دے کر
میں اب مروں کہ جیوں مجھ کو یہ خوشی ہے بہت
اسے سکوں تو ملا مجھ کو بد دعا دے کر
کیا پھر اس نے وہی جو خود اس نے سوچا تھا
برا تو میں بھی بنا اس کو مشورہ دے کر
میں اس کے واسطے سورج تلاش کرتا ہوں
جو سو گیا میری آنکھوں کو ر تجگا دے کر
وہ رات رات کا مہماں تو عمر بھر کے لیے
چلا گیا مجھے یادوں کا سلسلہ دے کر
ستون ریگ نہ ٹھہرا عدؔیم چھت کے تلے
میں ڈھے گیا ہوں خود اپنے کو آسرا دے کر
عدیم ہاشمی